نئی دہلی،22مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے سوئٹزرلینڈ سے خواہش کی ہے کہ خودکار ٹیکس کی معلومات کے تبادلے کے او ای سی ڈی (OECD)کنونشن کی عاجلانہ منظوری دے۔ اس اقدام سے کالے دھن کی لعنت سے نمٹنے میں آسانی ہوگی ۔ سبکدوش ہونے والے مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نے وزیر فینانس سوئٹزرلینڈ ایولین وٹبرگ شیومپ کو اپنے مکتوب میں تحریر کیا ہے کہ وہ حکومت سوئٹزرلینڈ پر زور ڈالتے ہیں کہ کثیر جہدی کنونشن برائے باہمی انتظامیہ مدد ‘ برائے ٹیکس معاملات کی جلد از جلد منظوری دی جائے ۔ اس کے بعد ہندوستان کو یقین ہوجائے گا کہ سوئٹزرلینڈ کی حکومت کنونشن کے ذریعہ عائد ذمہ داریوں کی تکمیل کرے گی ۔ سوئٹزرلینڈ نے 6مئی 2014ء کو اس عالمی اعلامیہ پر دستخط کردیئے ہیں ۔