جنیوا۔ 22؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ اطالیہ کے 3 اسکیئنگ کرنے والے 3 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ایک کی حالت نازک ہے۔ سوئزرلینڈ کے کوہِ آلپس سے کھسکنے والے ایک برف کے تودے کی زد میں یہ چاروں افراد آگئے تھے۔ پولیس کے بموجب پانچویں شہری کو معمولی زخم ہیں۔ پانچوں اطالوی کوہِ آلپس پر اسکیئنگ کررہے تھے جب کہ 1.40 بجے دوپہر گرانڈ سینٹ برنارڈ پہاڑی چوٹی کے قریب برف کے تودے کی زد میں آگئے۔ یہ علاقہ اٹلی کی سرحد سے زیادہ دُور نہیں ہے۔ تمام پانچوں کو برف کھودکر زندہ بچالیا گیا تھا اور ان کو قریبی ہاسپٹل میں سنگین حالت میں شریک کیا گیا تھا، لیکن 3 زخموں سے جانبر نہ ہوسکے، چوتھے کی حالت نازک ہے اور پانچواں شہری صرف معمولی سا زخمی ہوا۔ پولیس نے کہا کہ شدید موسمی حالات، زبردست تیز رفتار ہوائیں اور گہری دھند کی وجہ سے ان افراد کی تلاشی اور بچاؤ کارروائی میں دقتیں پیش آئیں۔