سن رائزرس حیدرآباد آئی پی ایل 2016 ء کی چمپئین

بنگلورو ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سن رائزرس حیدرآباد کے بولرس نے آج غیرمعمولی مظاہرہ کرتے ہوئے ویراٹ کوہلی کی جاریہ سیزن میں بہترین مظاہرہ کرنے والی رائل چیالنجرس بنگلور ٹیم کو 8 رنز سے ہراکر آئی پی ایل ٹرافی جیت لی ۔ آئی پی ایل کی بہترین بیاٹنگ اور بولنگ لائین اپ کے درمیان بنگلور نے کرس گیل (76) اور کوہلی (54) کی بدولت اچھی شروعات کی لیکن کامیابی کیلئے درکار نشانہ پورا نہ کرپائی ۔ حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر (69) ، بین کٹنگ (39*) اور یوراج سنگھ (38) نے ملکر جہاں 208/7 بنائے وہیں مستفیض الرحمن 4 اوورس میں (1/37) اور بھونیشور کمار 4 اوورس میں(0/25) نے بنگلور جیسی ٹیم کو مقررہ 20 اوورس میں 200/7 تک محدود رکھنے میں نمایاں رول ادا کیا ۔ ویراٹ کوہلی کی رائل چیالنجرس بنگلور کو تیسری مرتبہ آئی پی ایل فائنل میں شکست اٹھانی پڑی ۔ وارنر مجموعی طور پر 848 رنز کے ساتھ دوسرے بڑے اسکورر ہے ۔ حیدرآباد کے کٹنگ (39 ناٹ آوٹ اور 2/35 ) نے آخری اوور میں 24 رنز بناکر اسکور کو مستحکم مقام تک پہونچایا ۔ کرس گیل اور کپتان کوہلی نے 10.3 اوورس میں 114 رنز کی افتتاحی رفاقت نبھاتے ہوئے مستحکم بنیاد رکھی لیکن ان کے بعد ڈی ویلئرس (5) ناکام رہے ۔ اسٹورٹ بننی نے مستفیض الرحمن کی گیند پر چھکا لگایا اور اس وقت تین اوورس میں 37 رنز کی ضرورت تھی اس کے بعد بھونیشور نے 18 ویں اوور میں صرف 7 رن دے کر بنگلور کی مشکلات بڑھادی ۔ ٹیم کو آخری دو اوور میں 30 رنز کی ضرورت تھی اور بننی رن آؤٹ ہوگئے ۔ اس طرح آخری میں جہاں 18 رنز درکار تھے سچن نے آخری گیند پر چھکا لگایا لیکن جب تک میچ سن رائزس کے حق میں جاچکا تھا ۔