سنی لیڈرس کو زیادہ اختیارات دینے کیری کا نئے وزیراعظم عراق کو مشورہ

بغداد ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں نئی حکومت کے قیام اور باغیوں کو شکست دینے کیلئے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے اتفاق رائے کے دوران امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج عراق کے شیعہ لیڈر پر زور دیا کہ وہ سنیوں کو زیادہ اختیارات دیں ورنہ داعش کو شکست دینے کی امیدیں موہوم ہوجائیں گی۔ جان کیری نے نئے وزیراعظم حیدرالعبادی کے حلف لینے کے دو دن بعد آج بغداد کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراقی فوج کو امریکہ تربیت دے گا اور اسے موجودہ حالات سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر امریکہ بارک اوباما کے عالمی لائحہ عمل کے حصہ کے طور پر عراقی فوج کی مدد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عراق میں نئے وزیراعظم کے حلف کے بعد امریکی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس دوران بغداد میں بم حملوں میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مشرقی بغداد کے پرہجوم علاقہ میں پولیس چیک پوائنٹ کے قریب خودکش کار بم حملہ اور اس کے بعد ایک اور کار بم حملہ ہوا جس میں 52 افراد زخمی ہوگئے۔ فوری طور پر کسی نے بھی اس حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی، لیکن انتہاء پسند گروپس یا داعش ہی ایسی کارروائی کرسکتے ہیں۔