مقدمات درج کرنے کنٹرولر محکمہ اوزان و پیمانہ جات کا انتباہ
حیدرآباد 17 جولائی (سیاست نیوز) کنٹرولر محکمہ اوزان و پیمانہ جات اکون سبھروال نے ملٹی پلکس سنیما تھیٹرس میں پیک اشیاء پر مقررہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول کرنے پر مقدمات درج کرکے کارروائی کا انتباہ دیا۔ آج سیول سپلائز بھون میں اکون سبھروال نے سنیما ہالس اور ملٹی پلکس کے مالکین کا اجلاس طلب کرکے کہاکہ محکمہ اوزان و پیمانہ جات کو سنیما ہالس اور ملٹی پلکس میں ایم آر پی سے زیادہ قیمت وصول کرنے کی شکایات ملی ہیں۔ ان شکایتوں پر محکمہنے اچانک دھاوے کرکے تنقیح کی ہے۔ کئی سنیما ہالس اور ملٹی پلکس کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کے ثبوت دستیاب ہوئے ہیں۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اکون سبھروال نے سنیما ہالس اور ملٹی پلکس کے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ سنیما ہالس اور ملٹی پلکس میں عوام سے مقررہ قیمت وصول کریں۔ انھوں نے قانون استفادہ کنندگان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جو اشیاء فروخت کی جارہی ہے ان کی رسید دینا لازمی ہے۔ انہوںنے انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے یہاں تمام اشیاء پر یکم ستمبر سے قیمت درج کریں۔ انھوں نے سنیما ہالس اور ملٹی پلکس میں اشیاء پر زیادہ قیمت وصول کرنے پر عوام کو ٹول فری نمبر 180042500333 اور واٹس اپ نمبر 7330774444 پر شکایت کا مشورہ دیا۔