سنیما ٹکٹ شرح میں اضافہ کی راہ ہموار

حکومت کو مداخلت نہ کرنے کا مشورہ ، عدالت کا حکم
حیدرآباد۔5جنوری(سیاست نیوز) عدالت نے سینما گھر مالکین کوا پنے طور پر ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ کی راہ ہموار کردی ہے اور کہا کہ اس معاملہ میں حکومت یا سینما گھر کا لائسنس جاری کرنے والے محکمہ کو مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ تھیٹر مالکین کی جانب سے ٹکٹس میں اضافہ کے سلسلہ میں کوئی قوانین نہ ہونے اور ٹکٹس میں اضافہ کے معاملہ میں تھیٹرس مالکین کی من مانی کے سلسلہ میں جاری مقدہ کی سماعت کے دوران جسٹس ایس وی بھٹ ہائی کورٹ آف حیدرآباد نے احکام جاری کرتے ہوئے ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ریاستوں تلنگانہ وآندھراپردیش میں تھیٹر مالکین اپنے طور پر ٹکٹ کی قیمت کا تعین کرسکتے ہیں اور انہیں ٹکٹس کی فروخت کے لئے علحدہ کھاتہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت تلنگانہ نے تھیٹر کے ٹکٹس کی قیمت کے تعین کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط تیار کئے ہیں لیکن انہیں زیر التواء رکھا ہے اور عدالت میں حکومت اپنے موقف کو پیش کرنے سے بھی قاصر رہی جس کے سبب عدالت نے تھیٹر مالکین کے اختیار ات کو کامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ٹکٹ رکھ سکتے ہیں اور انہیں اس کیلئے متعلقہ اتھاریٹی یا لائسنس جاری کرنے والے ادارہ سے پیشگی اجازت حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کئے گئے رہنمایانہ خطوط کے متعلق بتایاجاتاہے کہ ریاست تلنگانہ میں تھیٹر کے ٹکٹس کی قیمت کے تعین کیلئے حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا تھا اس کے مطابق تھیٹرس کی زمرہ بندی کرتے ہوئے ٹکٹس کی قیمت کے تعین کے سلسلہ میں فیصلہ کیا گیا تھا لیکن یہ منصوبہ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔ معزز عدالت نے تھیٹر مالکین کے حق میں دیئے گئے فیصلہ کے دوران کہا ہے کہ دونوں ریاستوں میں تھیٹر مالکین کو نئی اور قدیم آمدنی کے علحدہ کھاتہ رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے حکومت تلنگانہ سے استفسار کیا کہ جب تھیٹرس کے ٹکٹس میں اضافہ کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط تیار کر لئے گئے ہیں تو انہیں زیر التواء کیوں رکھا گیا ہے؟ عدالت کے اس فیصلہ کے بعد ریاست میں تھیٹر مالکین کی جانب سے اپنے طور پر ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں انہیں کوئی اتھاریٹی یا محکمہ کی جانب سے رکاوٹ کا سامنا کرنا نہیں ہوگا۔