ممبئی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے وزیر برائے آبی وسائل سنیل تتکارے کو ریاستی این سی پی یونٹ کا صدر مقرر کیا گیا جو اپنے پیشرو بھاسکر جادھو کی جگہ لیں گے۔ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی اجلاس میں جادھو نے تتکارے کا نام پیش کیا جس کے بعد مدھوکر پچڈ، حسن مشرف، انیل دیشمکھ اور انا ڈانگے نے اُن کی تائید کی۔ اس موقع پر حسن مشرف نے کہاکہ اُنھیں توقع ہے کہ تتکارے اِس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے بعد وزیراعلیٰ کے عہدہ پر این سی پی قائد کا انتخاب عمل میں آئے۔ اس موقع پر موجود تمام مقررین نے تتکارے کی انتظامی صلاحیتوں کی ستائش کی اور کہاکہ یہی وجہ ہے کہ تتکارے سرپنچ، رائے گڑھ ضلع پریشد اور میونسپل کونسل کے صدر کے عہدہ سے ترقی کرتے ہوئے مالیات اور آبی وسائل جیسی وزارتوں کے قلمدان بھی سنبھالے۔ اس موقع پر پارٹی سربراہ شردپوار اور سینئر لیڈر پرافل پٹیل بھی موجود تھے۔
سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے والا فرار
تھانے 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ایک شیئر بروکر نے بھیونڈی سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کو گیارہ لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کی جس کی شناخت 50 سالہ کیشو نلوڈے کی حیثیت سے کی گئی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ کیشو مضافاتی علاقہ ملنڈ کا ساکن ہے۔ اُس نے شکایت کنندہ شوبھانگی بھوگا کے مطابق ایک اسکیم سے واقفیت کروائی تھی اور سرمایہ کاروں کو طمانیت دی تھی کہ سرمایہ کاری کی صورت میں اُنھیں 15 فیصد ریٹرنس بہرحال ملیں گے۔ پولیس سب انسپکٹر نظام پورہ پولیس اسٹیشن جے ٹی ٹھاکر نے یہ بات بتائی۔ کیشو نے اس طرح کئی لوگوں کو اسکیم کے بارے میں جھوٹی معلومات فراہم کی اور گیارہ لاکھ روپئے لے کر فرار ہوگیا۔ اُس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اور تلاش جاری ہے۔