سنہرے خواب کے ذریعہ ٹی آر ایس کا حصول اقتدار

برقی و آر ٹی سی شرحوں میں اضافہ کی مذمت ، فیصلہ سے دستبرداری کا مطالبہ : ملوروی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھا کر اقتدار حاصل کرنے والے کے سی آر پر تلنگانہ کے عوام پر زائد مالی بوجھ عائد کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ آج اسمبلی کے احاطے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ کمیٹی مسٹر ملو روی نے برقی اور آر ٹی سی کے شرحوں میں اضافہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے فوری اس سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جو بھی وعدے کئے گئے ہیں ان میں ایک وعدے کو بھی پورا کرنے میں چیف منسٹر تلنگانہ کامیاب نہیں ہوئے ۔ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت مزدوروں کو کام دینے سے انکار کیا جارہا ہے ۔ ایسے نازک موقعوں پر حکومت کو عوام کی خدمات میں ہونا چاہئے ۔ تاہم ٹی آر ایس حکومت غریب عوام کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے کنٹراکٹرس کو لٹیروں اور کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہونچا رہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انتخابات کے موقع پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اب خود حکمران ٹی آر ایس حکومت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے ۔ مسٹر ملو روی نے کہا کہ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں ایک مرتبہ بھی برقی قیمتوں میں اضافہ کیے بغیر عوام کو مفت برقی سربراہ کی گئی تھی ۔ برقی اور آر ٹی سی شرحوں میں اضافہ کے خلاف 25 جون کو تمام ضلع کلکٹرس پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا اور احتجاجی دھرنے کو کامیاب بنانے کی کانگریس کیڈر سے اپیل کی ۔۔