ٹی آر ایس کے نو منتخب ایم ایل سی پروفیسر سرینواس ریڈی کی حلف برداری
حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنر کے کوٹہ میں نامزد ایم ایل سی پروفیسر سرینواس ریڈی نے آج رکنیت کا حلف لے لیا۔ جوبلی ہال میں منعقدہ تقریب میں صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے انہیں عہدہ کا حلف دلایا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر کوٹہ کے تحت نشست کیلئے پروفیسر سرینواس ریڈی کے نام کی سفارش کی تھی۔ پروفیسر سرینواس ریڈی کا شمار چندرشیکھر راؤ کے قریبی و بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، تملا ناگیشور راؤ، این نرسمہا ریڈی، پدما راؤ، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، رکن اسمبلی سرینواس ریڈی، ایم ایل سی سدھاکر ریڈی کے علاوہ حکومت کے مشیر ریٹائرڈ آئی اے ایس اے کے گوئل اور دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کونسل کا رکن نامزد کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میں شمولیت کے وقت انہوں نے کبھی اس طرح کے عہدہ کی توقع نہیں
کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے سنجیدگی سے کام کرنے والوں کو چندرشیکھر راؤ یقینی طور پر انصاف کریں گے اور انہیں مناسب عہدے فراہم کئے جائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے انہیں ایم ایل سی کے عہدہ پر نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس عہدہ پر برقرار رہتے ہوئے حکومت کی اسکیمات عوام تک پہنچانے کی کوشش کرینگے۔ اس کے علاوہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل میں اپنا حصہ ادا کریں گے۔