سنہرے تلنگانہ کی تشکیل ہمارا اہم مقصد

انتخابی وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے ۔ ایم پی کے کویتا کا ادعا
حیدرآباد۔/26اپریل ، ( سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کی تشکیل ان کا اہم مقصد ہے۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ انتخابی منشور میں جو وعدے نہیں کئے گئے ان کی اسکیمات بھی شروع کی گئیں اور اس سے عوام کو فائدہ ہورہا ہے۔ کویتا نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں کے سی آر کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انتخابی منشور کے علاوہ کئی نئی اسکیمات شروع کی گئیں۔ حکومت عوامی بھلائی کے ایجنڈہ کے ساتھ کام کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ تلنگانہ کے عوام پوری طرح کے سی آر کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنی وسیع النظری کے سبب مقصد کی تکمیل میں کامیاب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھمم میں کل پارٹی کا پلینری سیشن منعقد ہوگا اور صبح میں مندوبین کا اجلاس جبکہ شام میں جلسہ عام ہوگا۔ پلینری میں 4000مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے پلینری سیشن کو پالیرو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب سے جوڑنے کی مخالفت کی اور کہا کہ پلینری سیشن کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے پالیرو کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ پلینری کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کی گئی ہے۔ کویتا نے کہا کہ ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی کے وعدہ کی تکمیل کیلئے مشن بھگیرتا پر عمل کیا جارہا ہے۔ کے سی آر وہ واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے اس وعدہ کی عدم تکمیل کی صورت میں دوبارہ ووٹ نہ مانگنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے پالیرو اسمبلی حلقہ میں کانگریس اور تلگودیشم کے اتحاد پر سخت تنقید کی اور کہا کہ تلگودیشم پارٹی کا قیام کانگریس کی مخالفت کیلئے ہے لیکن ٹی آر ایس کے خوف سے دونوں پارٹیاں متحدہ طور پر مقابلہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی آر وینکٹ ریڈی کے ارکان خاندان سے انہیں پوری ہمدردی ہے لیکن کھمم کے عوام  ترقی کیلئے ٹی آر ایس کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے ایک تلگو روز نامہ کی جانب سے مخالف حکومت خبروں کی اشاعت پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ ایک منصوبہ بند انداز میں حکومت کی اسکیمات کی مخالفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بہتر نظم و نسق کیلئے چیف منسٹر نے بعض وزراء کے قلمدانوں میں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر بہت جلد پارٹی کی نئی عاملہ کا اعلان کریں گے۔ کویتا نے کھمم کے عوام سے اپیل کی کہ پالیرو اسمبلی حلقہ میں پارٹی کے امیدوار ٹی ناگیشورراؤ کو بھاری اکثریت سے منتخب کریں۔