سنہرے اصول

بچو ! عام طور پر لوگ جب بھی کوئی کام کرتے ہیں تو دو طریقوں سے کام کرتے ہیں ۔ شاید تم نے خود اپنے آپ کو بھی دیکھا ہوگا کہ جب تم کوئی کام کرتے ہو تو یا تو وہ کام اطمینان سے سوچ سمجھ کر کرتے ہو یا بغیر سوچے سمجھے جلدی جلدی کردیتے ہو ۔ معلوم ہوا کہ ہر آدمی جب بھی کوئی کام کرتا ہے تو یا تو وہ کام عجلت کے ساتھ جلدی جلدی مکمل کردیتا ہے یا اطمینان کے ساتھ سلیقہ سے اس کام کوکامیابی کے ساتھ مکمل کردیتا ہے۔ الغرض ! ہم اس گفتگو کے ذریعہ تمہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ہر وہ کام جو پوری طرح سوچ سمجھ کر کیا جاتا ہے اور اطمینان کے ساتھ کیا جاتا ہے وہ کام مکمل بھی ہوتا ہے اور اس میں کامیابی بھی ملتی ہے لیکن جو کام جلد بازی اور بغیر سوچے سمجھے کیا جاتا ہے اکثر اس میںکوئی نہ کوئی نقصان ضرور ہوتا ہے ۔
٭٭٭ بچو تم نے کبھی محسوس کیا ہوگا کہ بعض اوقات کسی کام کیش روع کرنے میں دیر لگتی ہے ۔ سستی اور کاہلی کا غلبہ طبیعت پر طاری رہتا ہے لیکن جب کام ایک مرتبہ شروع ہوجاتا ہے تو آخر تک اس کی رفتار برقرار رہتی ہے ۔ اس کمزوری پر قابو پانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ تم اپنی کتابیں ‘کاپیاں ‘قلم اور ضرورت کی دوسری چیزیں ایک ہی جگہ رکھو تاکہ وقت ملتے ہی قلم کاپی لیکر فورا لکھنا شروع کرسکو بعض مرتبہ کسی ایک چیز کے سامنے نہ ہونے کی وجہ سے وہ کام جو اہم ہوتا ہے شروع کرنے کی ہمت نہیں ہوتی یہ بات زندگی بھر یاد رہے کہ کاہلی اور سستی چھوٹے سے کام کو بھی بڑا بنا کر ظاہر کرتی ہے ۔