سنگین جرائم کی تحقیقات کیلئے اسپیشل پولیس یونٹ کا قائم

ممبئی۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)تحقیقات کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بامبے ہائیکورٹ نے آج سنگین نوعیت کے جرائم جیسے قتل اور خواتین سے متعلق جرائم کی تحقیقات کیلئے پولیس میں ایک خصوصی یونٹ قائم کرنے کا مشورہ دیا۔ جسٹس ایچ ایچ پاٹل اور جسٹس جی ایس کلکرنی پر مشتمل ایک ڈیویژن بینچ نے کہا کہ سنگین نوعیت کے جرائم جیسے قتل، عصمت ریزی ، خواتین اور کمسنوں سے متعلق دیگر کیسیس میں بروقت تحقیقات کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ یہ عدالت ایک 13 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور اغوا کے ایک کیس کی سماعت کررہی تھی۔ اس لڑکی کے والد نے ایک درخواست داخل کرتے ہوئے اس کے 26 ہفتوں کے حمل کو ساقط کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ عدالت نے قبل ازیں اس ماہ اس لڑکی کو اس کا حمل ساقط کروانے کی اجازت دی تھی لیکن پولیس سے یہ بھی معلوم کیا تھا کہ اس کیس میں تحقیقات کا کیا موقف ہے۔