سنگھ پریوار کے ایجنڈہ کو بڑھاوا دینے کا منصوبہ

نئی دہلی ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کا بجرنگ دل اور درگا واہنی کے ساتھ یہ دعویٰ ہیکہ انہوں نے 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کیلئے عوامی تائید جٹانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ اب یہ تنظیمیں بالخصوص وی ایچ پی کو امید ہیکہ وہ مرکز کی حکومت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں بھی کامیاب ہوگی اور ساتھ ہی ساتھ اپنے تنظیمی نیٹ ورک کو بھی وسعت دے پائے گی۔ وی ایچ پی جس کی بنیاد 29 اگست 1964ء کو ہوئی، اس کا منصوبہ ہیکہ رواں سال اس کی گولڈن جوبلی تقاریب کے موقع پر قوم پرستی، انسداد گاؤکشی اور انسداد جبری تبدیلی مذہب کے پیام کو عام کرتے ہوئے ملک کے کونے کونے تک پہنچایا جائے۔ ان تقاریب کے تحت وی ایچ پی اہم شہروں اور ٹاؤنس میں جلوسوں کا منصوبہ رکھتی ہے جن میں اس کے ماضی کو اجاگر کیا جائے گا۔ وی ایچ پی راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے خصوصی موضوعات جیسے رام جنم بھومی تحریک کے احیاء کیلئے بھی کوشاں ہے۔ بہ الفاظ دیگر وی ایچ پی سنگھ پریوار کے ایجنڈہ کو فروغ دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ سنگھ پریوار کے ذرائع نے کہا کہ جلوسوں کے موقع پر عوام کو رام مندر کی تعمیر کی تائید کرنے کیلئے راغب کیا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ وہ متھرا میں نام نہاد کرشنا جنم بھومی میں مندروں کی تعمیر کے مطالبہ کو بھی دہرانا چاہتے ہیں۔

فوجی جوان مردہ پایا گیا‘تحقیقات کا حکم
جموں۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں ڈسٹرکٹ کے اکھنور بیلٹ میں ایک فوجی جوان مردہ پایا گیا ۔ ایک دفاعی ترجمان کے مطابق متوفی پٹھان محمد شریف فوج کی یونٹ لائن کی 18ویں کیاویلری کے دسویں ڈیویژن میں مردہ پایا گیا ۔ جس پر فوج نے کورٹ آف انکوائری(COI) کا حکم جاری کیا ہے ۔متوفی فوجی شریف کا تعلق گجرات کے شہر احمدآباد سے تھا ۔