سنگھ پریوار ‘ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر کرنے کوشاں

سی پی آئی کی 92 ویں یوم تاسیس تقریب۔ جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔26ڈسمبر(سیاست نیوز) منگل کو تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور سی پی آئی پارٹی ہیڈکوارٹر میںکمیونسٹ پارٹی کی 92ویں یوم تاسیس تقریب کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میںلایا گیا۔ اس موقع پر ریاست بھر میں جلوس ‘ جلسہ اور پارٹی پرچم کشائی کے پروگرام انجام دئے گئے ۔پارٹی ہیڈکواٹر مخدوم بھون میںمرکزی پروگرام کا انعقاد عمل میںآیا جہاں پر سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری یس سدھاکر ریڈی نے پارٹی کی پرچم کشائی انجام دی۔سی پی آئی تلنگانہ یونٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کے بشمول ریاست بھر کے کمیونسٹ قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کی۔مخدوم بھون میںپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سدھاکر ریڈی نے کہاکہ سنگھ پریوار ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے کاکام کررہا ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے مزیدکہاکہ عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعہ غریب اور متواسط طبقے کی زندگیوں سے کھلواڑ کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر مرکزی حکومت ترقی کے ان تمام دعوئوں کے خلاف میںکام کررہی ہے جس کی بنیاد پر اس کو مرکز میںاقتدار حاصل ہوا ہے اور فرقہ پرستی کو فروغ دیتے ہوئے ووٹوں کی تقسیم کاکام کیاجارہا ہے ۔ انہو ںنے پارٹی کیڈر کو حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف صف آراء ہونے اور بڑے پیمانے پر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کی تلقین کی۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے سکیولر طاقتوں سے بھی فرقہ پرست بی جے پی اور اس کے ساتھی جماعتوں اور تنظیموں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ۔ انہو ںنے کہاکہ سکیولر طاقتوں کا اتحاد ہی فرقہ پرست بی جے پی کو روکنے کا وایک واحد ذریعہ ہے۔مسٹرسدھاکر ریڈی نے گجرات انتخابات میںجمہوری اقدار کے خلاف جاکر انتخابی مہم چلانے کا وزیراعظم نریندر مودی کو موردالزام ٹھرایا۔ انہو ںنے کہاکہ اس قسم کی انتخابی مہم وہ بھی دستوری عہدے پر فائز شخص کو زیب نہیںدیتا۔ انہوں نے کہاکہ گجرات میں بی جے پی کو جیت نہیںبلکہ اخلاقی شکست کا سامنا ہوا ہے اور اس اخلاقی شکست کی وجہہ سے بی جے پی کی قیادت صدمے میں ہے۔