شاہراہوں کا جائزہ ، اپارٹمنٹس اور اسٹارٹپ کا مشاہدہ
حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) سنگاپور کے ایک وفد جس کی قیادت وزیر سماجی بھلائی و قومی ترقیات ، سنگاپور کے سکنڈ منسٹر ڈیمنڈلی ٹیسنگ کررہے ہیں آج ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی امراوتی کا دورہ کیا ۔ سی آر ڈی اے کمشنر ڈاکٹر سی سریدھر نے وفد کو امراوتی کو ترقی دینے سے متعلق امور کے علاوہ راجدھانی میں روبہ عمل لائے جانے والے مختلف پراجکٹس سے واقف کروایا ۔ بعد ازاں اس وفد نے ’’سیڈیاکسیس‘‘ شاہراہ کا دورہ کرکے تفصیلی معائنہ کیا اور پھر وہاں سے سنگاپور کے اس وفد نے غریب افراد کیلئے منداڈم کے مقام پر تعمیر کئے جانے والے امکنہ پراجکٹس کا مشاہدہ کیا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس وفد نے کونڈما راجہ پالم کے پاس زیرتعمیر سی آر ڈی اے پراجکٹ آفس عمارت کی مکمل تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ وہاں سے اس وفد نے رائے پوڈی پہونچکر آل انڈیا سرویسیس عہدیداروں (آئی اے ایس عہدیداروں) کیلئے تعمیر کئے جانے والے اپارٹمنٹس کا بھی تفصیلی مشاہدہ کیا ۔ بعد ازاں سنگاپور کنسورشیم کے زیراہتمام ترقی دیئے جانے والے اسٹارٹپ علاقہ کا بھی اس وفد نے مشاہدہ کیا ۔ اس وفد کے ہمراہ سی آر ڈی اے اکنامک ڈیولپمنٹ ڈائرکٹر مسٹر وائی ناگی ریڈی بھی موجود تھے ۔