سنگاپور کے نوجوان بلاگر کو امریکہ میں سیاسی پناہ

شکاکو۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)  امریکہ کے شکاگو میں امیگریشن امور کا کام کاج دیکھنے والی ایک عدالت نے حراست میں رکھے گئے سنگاپور کے ایک نوجوان کو سیاسی پناہ دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے باک سیاسی خیالات کا اظہار کرنے کی وجہ سے اس نوجوان کو اس کے ملک میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔تیرہ صفحات کے حکم میں 18 سالہ آموس ای کو سیاسی پناہ کا مستحق قرار دیتے ہوئے جج سیموئل کول نے کہا کہ ثبوتوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس نوجوان کو سیاسی نظریات کا اظہار کرنے پر سنگاپور کے حکام نے سزا دی اور اس پر تشدد کیا ہے ۔ اسے سیاسی پناہ حاصل کرنے کا پورا حق ہے ۔ جج نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت میں اپنے نظریات کا اظہار کرنے کی آزادی پر سوال اٹھانا اور اس کے لئے کسی کو کسی طرح سے پریشان کرنا سنگین تشویش کا موضوع ہے ۔