سنگاپور 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ہفتہ سنگاپور میں منعقد شدنی عام انتخابات میں ایک دو نہیں بلکہ پورے 21 ہندوستانی نژاد سنگاپور شہری بھی حصہ لے رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 181 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ یاد رہے کہ ان انتخابات کے ذریعہ وزیراعظم لی سین لونگ کی حکمراں جماعت کی 50 سالہ کارکردگی اور اجارہ داری کی بھی آزمائش ہوجائے گی۔ جن اہم ہندوستانی نژاد سنگاپور شہریوں نے کل اپنی نامزدگیاں داخل کی ہیں اُن میں وزیر قانون اور وزیر خارجہ کے شان موگم، وزیراعظم کے دفتر سے وابستہ وزیر ایس ایشورن اور وزیر ماحولیات اور آبی وسائل ویوین بالکرشنن کے نام قابل ذکر ہیں۔ جن کا تعلق حکمراں جماعت پیپلز ایکشن پارٹی (PAP) سے ہے۔ یاد رہے کہ سنگاپور کے 12 ویں پارلیمنٹ 25 اگسٹ کو تحلیل کی جاچکی ہے جس کے بعد نئے انتخابات منعقد کروانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔