سنگاپور ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور کے بانی و سینئر قائد لی کوان یو جو سنگاپور کے سیاسی منظرنامہ پر زائد از 50 سال چھائے رہے اور اس چھوٹی سی برطانوی کالونی کو عالمی تجارت اور مالیاتی پاور ہاؤس میں تبدیل کردیا، ایسی عظیم شخصیت کا آج 91 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ آنجہانی قائد ملک کے پہلے وزیراعظم تھے۔ سنگاپور جنرل ہاسپٹل میں انہوں نے پرسکون طور پر آخری سانس لی۔ 5 فبروری سے نمونیا کے عارضہ میں مبتلاء آنجہانی قائد کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا۔ ٹیلی ویژن کے ایک تعزیتی پیغام میں آنجہانی کے بیٹے و موجودہ وزیراعظم لی سین نے اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آنجہانی نے ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے ایک ایسے ملک کوجس کی اپنی کوئی شناخت کوئی طاقت نہیں تھی، ایک ایسے ملک میں تبدیل کردیا جہاں ہم سب کو اپنے آپ کو ’’سنگاپورین‘‘ کہنے میں فخر محسوس ہوتا ہے۔