سنگاپور کے بانی وزیر اعظم کی موت پرصدر جمہوریہ کا اظہار تعزیت

نئی دہلی۔/24مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے سنگاپور کے صدر ٹونی کینگ یام کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے بانی وزیر اعظم سنگاپور لی کیون ویو کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور بتایا کہ وہ ایک عظیم مدبر اور ہندوستان کے سچے دوست تھے۔ اور وہ ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان گرانقدر تعاون کیلئے ٹھوس بنیاد رکھنے کیلئے یاد رکھے جائیں گے۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے کہا کہ لی کیون ویو نے سنگاپور کو ترقی پذیر ملک سے انتہائی ترقی یافتہ ملک میں تبدیل کرنے کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیا تھا اور عوام کیلئے ناقابل فراموش ورثہ چھوڑ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ لی کیون ویو کا ویژن سنگاپور کی نئی نسلوں کو سرچشمہ وجدان ہوگا اور عالمی قائدین کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے ہندوستانی عوام کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔