سنگاپور کی قیادت سے مودی کا باہمی اقدامات پر تبادلہ خیال

سنگاپور۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کا ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سنگاپور کے قائدین سے ملاقات کر کے ان سے اظہار تعزیت کیا اور ہندوستان کے ساتھ باہمی اقدامات میں پیشرفت کی اہمیت پر زور دیا جس کی تحریک آنجہانی لی کوان ایو سے حاصل ہوئی تھی ۔ نریندر مودی آج صبح سنگاپور پہنچے ‘تاکہ لی کی سرکاری تدفین میں شرکت کرسکیں جن کا انتقال 91سال کی عمر میں ہوا تھا ۔ مودی نے سینئر وزیر گوچوک ٹونگ اور نائب وزیراعظم تھرمن شنموگہ رتنم سے ملاقات کی ۔ اظہار تعزیت کے علاوہ انہوں نے جون میں آنجہانی لی کے ہندوستان اور سنگاپور کے باہمی اتحاد میں مزید اضافہ کا نظریہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ان کے اپنے دو پراجکٹس یعنی سرکاری مکانوں کی تعمیر اور سوچھ بھارت پراجکٹ کی تحریک انہیں لی کوان ایو کی سنگاپور کیلئے کوششوں سے حاصل ہوئی تھی ۔ وزیراعظم چاہتے تھے کہ ہندوستان اور سنگاپور ان پراجکٹس میں شراکت داری کرے ۔

نریندر مودی نے آج سنگاپور کے بانی اور اولین وزیراعظم لی کوان ایو کو ’’ عالمی مفکر ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان ان کی دوستی اور معاشی ترقی کیلئے ان کی تائید کو قابل قدر سمجھتا ہے ۔ 91سالہ سنگاپور کے بانی کا انتقال شدید نمونیا کی وجہ سے 23مارچ کو ہوا ۔ نریندر مودی نے کہا کہ سنگاپور میں صرف ایک نسل گزرنے کے دوران انقلابی تبدیلی لی کی قیادت کو ایک خراج عقیدت ہے ۔ مودی نے کہا کہ ان کے انتقال سے ایک دور کا خاتمہ ہوگیا ۔ انہوں نے نہ صرف جنوب مشرقی ایشیاء بلکہ پورے ایشیائی ممالک کو تحریک دی ہے کہ وہ اپنا مقدر خود اپنے ہاتھوں سے بنائے ۔ سنگاپور کی آزادی کی 50ویں سالگرہ پر انہوں نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنے پیچھے سنگاپور کے کارناموں اور اعتماد کو چھوڑ جائیں گے ۔

مودی نے ہندوستان کے سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری طاقتور شراکت داری کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کی نمائندگی اس کا وزیراعظم کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سنگاپور کے ساتھ ہندوستان کا اتحاد ایک کلیدی ستون ہے جو ہندوستان کی مشرق کی طرف دیکھو پالیسی کی بنیاد ہے ۔ مودی نے کہا کہ سنگاپور کے سینئر وزیر گوچوک ٹونگ اور نائب وزیراعظم تھرمن شنموگہ رتنم سے انہوں نے ملاقات کر کے سنگاپور کے قائدین اور عوام سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک افسوسناک لمحہ میں سنگاپور کے دورہ پر انہیں بیحد رنج ہے ۔