سنگاپور ۔ 31جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور میں 2013 ء کے دوران حکمراں جماعت کے بشمول کم سے کم سات مختلف اداروں کے کمپیوٹرس ہیک کرنے کے الزامات ثابت ہوجانے پر ایک ہندوستانی نژاد شخص کو چار سال آٹھ ماہ کی سزائے قید دی گئی ہے ۔ 32 سالہ جیمس راج آروکائکسامی نے جو خود کو ’’مسیحا‘‘ کہا کرتا تھا گزشتہ ہفتہ ان جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ۔ وہ وزیراعظم اور محکمہ انتخابات کے علاوہ پیپلز ایکشن پارٹی ، کمیونٹی فاؤنڈیشن ، ایک ٹاؤن کونسل ، سٹی ہاروسٹ چرچ وغیرہ کے سرکاری سرویس کی اسکیننگ کیلئے سافٹ ویر استعمال کیا کرتا تھا ۔ اطلاعات کے مطابق ان کے منجملہ کئی ویب سائیٹس کو تنقیدوں اور دھمکیوں کے ذریعہ مسخ کردیا گیا تھا۔ جیمس راج نے انگریزی روزنامہ اسٹریٹ ٹائمز بلاگ کو بھی ہیک کرلیا تھا اور اس سرور تک غیرقانونی رسائی حاصل کی تھی جس میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے کھاتہ داروں کے گوشوارۂ حسابات موجود تھے ۔