سنگاپور 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سنگاپور میں مزید دو ہندوستانی زیکا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں ۔ اس طرح یہاں اب تک اس وائرس سے متاثر ہونیو الے ہندوستانیوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے ۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ سنگاپور میں مچھروں سے پھیلنے والے اس وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے دوران ہندوستانی ہائی کمیشن نے یہاںکہا کہ وہ سنگاپور کی وزارت صحت سے مسلسل ربط میں ہیں جس نے توثیق کی ہے کہ مقامی سطح پر زیکا وائرس سے 26 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ اب تک سنگاپور میں جملہ 215 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کی جانب سے زیکا وائرس پھیلانے والے مچھروں کی آبادی پر قابو پانے کیلئے متاثرہ علاقوں میں اقدامات کا سلسلہ بھی جا ری ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سنگاپور میں دو مزید ہندوستانی شہریوں کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد جملہ متاثر ہندوستانیوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی ہے ۔ ملک بھر میں گذشتہ دو ہفتوں سے عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کرنے اور انہیں اس وائرس سے بچانے کیلئے اقدامات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ مچھروں سے پھیلنے والے اس وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کا حصہ بن جائیں۔ وزارت صحت و قومی ماحولیاتی ایجنسی کے ایک مشترکہ بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔