سنگاپور میں فلسطینی دستاویزی فلم کی اسکریننگ پر امتناع

سنگاپور ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور نے آج ایک فلسطینی دستاویزی فلم کی ایک فیسٹیول میں اسکریننگ پر امتناع عائد کردیا جس میں ایک فلسطینی نوجوان کو اسرائیلی فورسیس پر حملہ کرنے کا قصوروار بتایا گیا ہے۔ سنگاپور نے یہ استدلال پیش کیا ہے کہ اس فلم کی اسکریننگ سے اشتعال انگیزی اور منافرت میں اضافہ ہوگا۔ سٹی اسٹیٹ کے میڈیا ریگولیٹر کے مطابق ’’ریڈائنس آف ریسسٹنس‘‘ نامی دستاویزی فلم کو کچھ ایسے انداز میں پیش کیا گیا ہے جس سے سنگاپور میں مختلف مذاہب اور اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں منافرت پھیلنے کا اندیشہ ہے جہاں چینی نژاد عوام کے علاوہ مسلم مالے، ہندوستانی اقلیتیں اور تارکین وطن کی کثیر تعداد آباد ہے۔ سنگاپور میں بھائی چارگی کے کاز کو نقصان پہنچانے والوں کیلئے سخت سزاؤں کا قانون ہے۔