سنگاپور میں علامہ اقبالؔ کی سوانح حیات پر مبنی کتاب منظر عام پر

سنگاپور۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اُردو کے عالمی شہرت یافتہ شاعر علامہ شیخ محمد اقبال ؔ پر سنگاپور کے تھنک ٹینک نے ایک کتاب شائع کی ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کی جاری کردہ 274 صفحات پر مبنی سوانح حیات میں علامہ اقبال ؔ کے بحیثیت شاعر ، فلسفی اور سیاست داں پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ علامہ اقبال ؔ کی ہندوستان کی جدوجہد آزاد ی اور پاکستانی تحریک میں رول سے سبھی واقف ہیں لیکن ان کی شخصی زندگی کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ کتاب کے مصنف ظفر انجم نے کہا کہ اس کتاب میں علامہ اقبالؔ کی زندگی کے ان مخفی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ صدرنشین انسٹیٹیوٹ پدم شری گوپی ناتھ پلّے نے کتاب کی رسم اجرائی انجام دی۔ انہوں نے کہا کہ ظفر انجم نے اس کتاب میں علامہ اقبال کی زندگی کا موثر طور پر احاطہ کیا ہے۔ ہندوستان میں تقریباً 20 سال قبل علامہ اقبالؔ کی سوانح حیات پر ڈاکٹر رفیق ذکریا نے ایک کتاب تحریر کی تھی۔ علامہ اقبالؔ نے ترانہ ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ تحریر کیا تھا جو آج بھی بے پناہ مقبولیت رکھتا ہے۔