سنگاپور میں صدر اسرائیل سے مودی کی ملاقات

سنگاپور۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج صدر اسرائیل رین وین ریولین سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات کی پیشرفت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسرائیل کی جانب سے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے وزیراعظم مودی کو دورہ اسرائیل کا دعوت نامہ صدر کے ذریعہ روانہ کیا ہے ۔ تاہم دورہ کی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ۔ سفارتی ذرائع کے باہم تبادلہ خیال کے بعد تاریخ کا تعین کیا جائے گا ۔ دونوں قائدین نے ہند۔ اسرائیل صحتمند باہمی تعلقات کی پیشرفت کے وسائل و ذرائع پر تبادلہ خیال کیا ۔ مودی اور ریولین دونوں سنگاپور کے اولین وزیراعظم لی کوان ایو کی سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات میں شرکت کیلئے سنگاپور کے دورہ پر ہیں ۔ وزیراعظم مودی نے وزیراعظم اسرائیل کو ان کی دوبارہ انتخابی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی ۔ نتن یاہو نے تمام مشکلات پر قابو پاتے ہوئے حیرت انگیز طور پر انتخابی کامیابی حاصل کی ہے۔