سنگاپور ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ہند نے سنگاپور کے انڈین ہیرٹیج سنٹر (IHC) چار قومی قائدین کے چھوٹے سائز کے مجسمے بطور تحفہ تفویض کئے ہیں۔ سنگاپور میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا میوزیم ہے جو ہندوستانی تاریخ سے معنون ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم کے دفتر (PMO) کے وزیر ایس ایشورن نے آئی ایم سی کی لانچنگ کے موقع پر کل اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہند ۔ سنگاپور کے سفارتی نقصانات کے 50 سال مکمل ہونے پر یہ ایک بہترین یادگاری تحفہ ہے۔ یاد رہیکہ سنگاپور نہ صرف اپنی آزادی کے 50 سال منارہا ہے بلکہ ہندوستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کی بھی گولڈن جوبلی منارہا ہے۔ جن ہندوستانی قومی قائدین کے چھوٹی سائز کے مجسمے بطور تحفہ دیئے گئے ہیں، ان میں مہاتما گاندھی، رابندر ناتھ ٹیگور، پنڈت جواہر لال نہرو اور نیتاجی سبھاش چندر بوس شامل ہیں۔