آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت سے متعلق تفصیلات سے کمیٹی کی واقفیت
حیدرآباد 9 ڈسمبر (پی ٹی آئی) انٹرنیشنل انٹرپرائز سنگاپور نے آندھراپردیش کی انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ساتھ کل یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ جس کے بعد وہ نئی ریاست کے دارالحکومت کے سلسلہ میں ماسٹر پلان کا ڈیزائن اندرون 6 ہفتے مکمل ویژن رپورٹ کے ساتھ پیش کرے گی۔ سنگاپور سے عہدیداروں کی 14 رکنی ٹیم مجوزہ دارالحکومت کے علاقہ کا فضائی سروے کرے گی اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال بھی کرے گی۔ میونسپل اڈمنسٹریٹر پی نارائنا نے آج چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کے ساتھ کیاپٹل اڈوائزری اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے کہاکہ مجوزہ دارالحکومت کا مکمل ڈیزائن 6 ماہ میں تیار ہوجائے گا۔ حکومت آندھراپردیش نے وجئے واڑہ کے قریب نئے دارالحکومت کو فروغ دینے کے لئے کل حکومت سنگاپور کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اجلاس میں آندھراپردیش کے تمام 13 اضلاع کی خصوصیات سے واقف کرایا گیا۔ اس کے علاوہ اراضی، آبی وسائل، بندرگاہوں اور دیگر انفراسٹرکچر کے بارے میں سنگاپور کی ٹیم کو تفصیلات بتائی گئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نہروں، ندیوں، زلزلے اور سیلاب کے لئے حساس علاقوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ ٹیم اِن تمام اُمور کو ملحوظ رکھتے ہوئے مکمل ویژن تیار کرے گی اور اندرون 6 ہفتے رپورٹ پیش کی جائے گی۔