سنگاپور ؍ کھٹمنڈو ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور حکام نے مقامی امپورٹرس کو ہدایت کی ہیکہ عارضی طور پر نیسلے کے پروڈکٹ میگی نوڈلس کی فروخت معطل کردی جائے جو ہندوستان سے درآمد کیا جاتا ہے۔ کیونکہ یہ خبریں اب ساری دنیا میں پھیل چکی ہیں کہ میگی میں صحت کیلئے مضر کیمیائی مادے پائے گئے ہیں۔ اس کے بعد ہی ایگری فوڈ اور ویٹرنری اتھاریٹی نے بھی یہ فیصلہ کیا ہیکہ میگی پر کچھ عرصہ کیلئے امتناع عائد کیا جانا چاہئے۔ لہٰذا سنگاپور میں بھی اس پروڈکٹ پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔ دوسری طرف نیپال سے ملنے والی خبروں کے مطابق میگی کی فروخت پر عارضی امتناع عائد کیا گیا ہے۔ صحت کیلئے مضرکیمیکل کی مقدار حکومت کی جانب سے منظور کی گئی۔ مقدار سے زیادہ پائے جانے پر اس پروڈکٹ کو صحت کیلئے محفوظ قرار نہیں دیا گیا۔ ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل برائے ڈپارٹمنٹ آف کامرس اینڈ سپلائز مینجمنٹ کمل پرساد بھٹا رائے نے یہ بات بتائی۔