سنگاپور اور آندھرا پردیش کے درمیان مختلف پروگراموں پر تبادلہ خیال

چیف منسٹر چندرا بابو سے وزیر سنگاپور ایشورن کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے آج سنگاپور کے وزیر مسٹر ایشورن نے ملاقات کی ۔ دونوں نے آپسی اتحاد و دوستانہ تعلقات مختلف پروگراموں میں شراکت داری اور معاہدات وغیرہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ سنگاپور وزیر کے وفد نے سنگاپور میں کسانوں کے دورہ سے متعلق ڈاکیومنٹریز ( چھوٹی فلمیں ) دکھائے جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش میں کئی ایک اہمیت کے حامل سیاسی مراکز ، تاریخی عمارتیں ، قدرتی وسائل وغیرہ بھی پائے جاتے ہیں ۔ جس کو دیکھنے کے بعد سیاحوں کی دلچسپی میں زبردست اضافہ ہوتا ہے ۔ چندرا بابو نے سیاحتی شعبہ میں آندھرا پردیش کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پہل کرنے کی سنگاپور کے وفد سے خواہش کی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریاست کو سیاحتی شعبہ میں بھی بڑے پیمانے پر ترقی دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ سیاحوں و بیرونی ممالک افراد کو ریاست کا دورہ کرنے سے نہ صرف دلچسپی پیدا ہوسکے بلکہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے سیاحوں کو اور بیرونی ممالک کے افراد کو ریاست آندھرا پردیش کا دورہ کرنے کے لیے راغب کرسکیں ۔ علاوہ ازیں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ کے ذریعہ ریاست کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں ۔ ایشورن نے اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔۔