برقی پراجکٹس کیلئے بروقت سربراہی، کمپنی کے صدر نشین کا بیان
حیدرآباد۔2اپریل، ( سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ حیدرآباد نے سال 2014-15 کے دوران 52.54 ملین ٹنس کوئلہ کی ریکارڈ پیداوار کے ذریعہ اس کمپنی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جبکہ سال گزشتہ 2012-14 میں کوئلہ کی پیداوار 50.47 ملین ٹنس کی گئی تھی۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ مسٹر این سریدھر نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ انڈرگراؤنڈ مائینس ( زیر زمین کانکنی ) کے ذریعہ 10.20 ملین ٹنس اور اوپن کاسٹ مائینس ( اوپری سطح سے کی گئی کانکنی ) کے ذریعہ 42.34 ملین ٹنس کوئلہ کی پیداوار کی گئی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال 2014-15 میں4فیصد زائد کوئلہ کی پیداوار کو یقینی بنایا جاسکا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ جینکو کے تمام برقی پیداواری پراجکٹس کیلئے سنگارینی کالریز کمپنی کی جانب سے ہی کوئلہ سربراہ کیا جاتا ہے۔ مسٹر این سریدھر نے بتایا کہ جاریہ نئے مالیاتی سال یعنی 2015-2016 کے دوران 17نئے کول بلاکس کا آغاز کیا جائے گا اور سنگارینی کالریز کمپنی کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے علاوہ طبی سہولتوں کی فراہمی پر اولین ترجیح دی جائے گی۔ صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے بتایا کہ ماہ ستمبر تک سنگارینی کالریز کمپنی میں مختلف زمرہ کی مخلوعہ 5517 جائیدادوں پر تقررات کرنے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا اور اب تک 1700 ملازمتیں فراہم کی جاچکی ہیں اور ان تقررات کیلئے تحریری ٹسٹ منعقد کیا جائے گا۔ تحریری ٹسٹ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تعداد سے متعلق کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔ جبکہ سابق میں ایک جائیداد کیلئے صرف 10درخواستیں ہی طلب کی جاتی تھیں لیکن اب اس مرتبہ یہ شرائط ختم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے کہا کہ سال 2014-15 کے دوران جملہ 14.083 کروڑ روپئے کے کاروبار کئے جو کہ سنگارینی کالریز کمپنی کا ریکارڈ کاروبار ہے اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں 19فیصد کا اضافہ ہے۔ مسٹر سریدھر نے بتایا کہ سال 2015-2016 کیلئے مرکزی وزارت کوئلہ کے سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کیلئے 56ملین ٹنس برائے ہر سال کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ لیکن سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے کوئلہ کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے سال 2015-16 کیلئے 60.03 ملین ٹنس کوئلہ کی پیداوار کیلئے نشانہ مقرر کیا ہے۔ علاوہ ازیں آئندہ پانچ سال کے دوران سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے کوئلہ کی پیداوار کو 75ملین ٹنس تک یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔