خواتین کو بھی حقوق کی فراہمی پر تلنگانہ حکومت سنجیدہ، ٹی آر ایس ایم پی نظام آباد کے کویتا کا بیان
حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ نظام آباد مسز کے کویتا نے سنگارینی ملازمین پر انحصار کرنے والے اُن کے افراد خاندان کو ملازمین کے موافق مراعات و سہولیات کی فراہمی کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اِس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ سے نمائندگی کریں aکئے جائیں۔ مسز کے کویتا نے سنگارینی کالریز کو ملک کی روشنی کے نظام کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں سنگارینی کالریز کے ملازمین شہریوں کے گھر روشن کررہے ہیں اِسی طرح ملازمین کے گھر روشن کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ سنگارینی کالریز میں مرد و خواتین مساوی طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تلنگانہ حکومت ریاست تلنگانہ میں مساوات کے ساتھ خواتین کو اُن کے حقوق کی فراہمی میں سنجیدہ ہے۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات ملازمین کے مفادات کے تحفظ کی خاطر ہیں جبکہ اِس سے حکومت پر اضافی بوجھ عائد ہوگا لیکن اِس کے باوجود حکومت ملازمین کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے عہد کی پابند ہے۔ مسز کے کویتا نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں بھی سنگارینی ملازمین کا اہم کردار رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ رکن پارلیمنٹ نظام آباد نے بتایا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں سماجی، جنسی، مذہبی خطوط پر مساوات کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور تلنگانہ عوام کی عزت نفس کے تحفظ کے لئے اُن کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسز کے کویتا نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نوتشکیل شدہ ریاست کی عظیم ترقی کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے اور اِن منصوبوں میں عوام کے ہر شعبہ حیات کو شامل رکھا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ جب تک عوام کا ہر حصہ ریاست کی ترقی کے ثمرات سے محفوظ نہیں ہوتا اُس وقت تک ریاست کی مجموعی ترقی ممکن نہیں ہوسکتی۔ اِسی لئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت نہ صرف ریاستی سطح پر تلنگانہ کی ترقی کے لئے اقدامات کرے گی بلکہ قومی سطح پر تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کرے گی۔