سنگارینی کالریز لیبر یونین انتخابات کیلئے مہم کا اختتام

/5 اکٹوبر کو رائے دہی ، تمام انتظامات مکمل
حیدرآباد ۔ 3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کی مسلمہ لیبر یونین کے انتخابات کے لئے مہم کا آج اختتام عمل میں آیا ۔ 5 اکتوبر کو صبح 7 بجے تا شام 5 بجے تک رائے دہی ہوگی۔ اسی دن شام 7 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا ۔ انتخابات میں 53148 سنگارینی ورکرس اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔ سنگارینی کالریز کے انتظامیہ نے رائے دہی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ پولیس اور ریونیو حکام کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس نے پرامن رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے حساس علاقوں میں چوکسی اختیار کرلی ہے۔ جاریہ سال یونین کے انتخابات میں کشیدگی دیکھی جارہی ہے۔ ایک طرف ٹی آر ایس کی تائیدی یونین تو دوسری اپوزیشن کی جانب سے متحدہ طور پر کانگریس کی تائید سے کانٹے کی ٹکر ہے۔ برسر اقتدار پارٹی نے اس الیکشن کو اپنے وقار کا مسئلہ بنایا اور متعدد وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی و کونسل نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ پارٹی کے کئی قائدین کو انتخابی مہم کے سلسلہ میں مستقل طور پر کیمپ کرنا پڑا۔ یونین کے انتخاب کے سلسلہ میں مختلف سروے رپورٹس کے بعد چیف منسٹر نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے سینئر قائدین کو مہم میں حصہ لینے کیلئے روانہ کیا۔ چیف منسٹر نے سنگارینی ورکرس کیلئے کئی اعلانات کئے ہیں ۔