سنگارینی ملازمین نے کیرالا ریلیف فنڈ میں 9 کروڑ کا عطیہ دیا

3 ٹیچرس یونینوں کا ایک دن کی تنخواہ کا اعلان
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سنگارینی کالریز کے ملازمین نے کیرالا کے متاثرین کیلئے اپنی ایک دن کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔ سنگارینی ملازمین کی اعزازی صدر رکن پارلیمنٹ کویتا نے 9 کروڑ روپئے پر مشتمل چیک آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو پیش کیا۔ چیف منسٹر نے سنگارینی ملازمین کے جذبہ انسانی ہمدردی کی ستائش کی۔ اسی دوران اساتذہ کی 3 علحدہ تنظیموں نے ایک دن کی بنیادی یافت کیرالا کے متاثرین کیلئے بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری فینانس این شیو شنکر کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف ٹیچرس آرگنائزیشنس، تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرس پوراٹا سمیتی اور تلنگانہ ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے وابستہ ٹیچرس نے ایک دن کی تنخواہ جو یکم ستمبر کو ادا کرنی ہے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ فینانس سے اساتذہ کی ایک دن کی یافت منہا کی جائے گی۔