سنکیانگ میں کارروائی، 380 افراد گرفتار

بیجنگ ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین کے مغربی صوبے سنکیانگ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایک ماہ کی طویل کاروائی کے دوران انھوں نے دہشت گردی کے 32 سیل توڑتے ہوئے 380 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ان کاروائیوں کا آغاز مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کے حملوں میں تیزی کے بعد دیکھنے میں آیا۔ چین ماضی میں سنکیانگ میں ہونے والے حملوں کا الزام مسلمان علیحدگی پسندوں ‘ایغور’ پر عائد کرتا رہا ہے جو کہ بیجنگ کے بقول ایک مشرقی ترکستان نامی ایک آزاد ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ سرکاری روزنامے کا کہنا تھا کہ 315 افراد کے خلاف دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمات چلائے گئے جن میں سے کم از کم 13 کو موت کی سزا دے دی گئی ہے۔

وسطی افریقی جمہوریہ میں مسلح افراد نے 17 مسلمانوں کو ہلاک کر دیا
بنگوئی ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) مسلح افراد نے وسطی افریقی جمہوریہ کے ایک کیمپ میں فائرنگ کر کے 17 مسلمانوں کو ہلاک کر دیا۔ افریقی یونین کی طرف سے اس بحران زدہ مملکت میں تعینات امن فوج کے ایک افسر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ نوجوان مسلح افراد کا تعلق اینٹی بالاکا ملیشیا سے تھا اور انہوں نے فولانی مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کو پیر کے روز ’بمباری‘ نامی شہر کے قریب ایک کیمپ میں ہلاک کیا۔