تلنگانہ کانگریس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سنکرانتی کے بعد حکمراں ٹی آر ایس کے بشمول دوسری جماعتوں کے قائدین کانگریس میں شامل ہوں گے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ نہ کرنے والے قائدین کو علحدہ کرنے اور نئے قائدین کو ذمہ داری سونپنے کے ساتھ ساتھ ایک شخص ایک عہدہ کے فارمولے پر عمل کرنے کا اعلان کیا۔ اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اے آئی سی سی صدارت قبول کرنے کے بعد راہول گاندھی اپنی ساری توجہ تنظیمی سطح کی تبدیلیوں پر مرکوز کرچکے ہیں۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے عزت نفس کے موضوع پر ایک جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے راہول گاندھی کو مدعو کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ دوسری طرف تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ میں بھی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جو قائدین اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہوگئے ہیں، انہیں عہدوں سے علحدہ کرتے ہوئے کام کرنے والے نئے قائدین کو ان کی جگہ شامل کیا جائے گا۔ پارٹی کیلئے اثاثہ ثابت ہونے والے قائدین کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایک عہدہ ایک شخص کے فارمولے پر عمل کیا جائے گا۔ پارٹی عہدوں پر فائز رہنے والے قائدین کو ٹکٹ دیا جائے یا نہیں اس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ کئی جماعتوں بشمول حکمراں ٹی آر ایس کے قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں اور سنکرانتی کے بعد مختلف جماعتوں کے قائدین کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جنوری سے کانگریس پارٹی ریاست میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کرے گی اور حکومت کے خلاف اپنی مہم میں شدت پیدا کرے گی۔ کانگریس کے قائدین سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر کے کانگریس سے مستعفی ہونے کی افواہوں پر جب اتم کمار ریڈی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اخباری نمائندوں کی موجودگی میں ناگیندر سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان کے بارے میںجاری افواہوں سے انہیں واقف کرانے پر ڈی ناگیندر نے افواہوں کو جھوٹی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ہی چند قائدین ان کے خلاف جھوٹی افواہ پھیلا رہے ہیں لیکن وہ کانگریس میں ہی برقرار رہیں گے۔