سنکرانتی تہوار کیلئے ٹی ایس آر ٹی سی کی خصوصی بسیں

حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) ریجنل منیجر رنگاریڈی تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر یادگیری نے بتایا کہ سنکرانتی تہوار کیلئے شہر حیدرآباد سے آندھرا علاقہ کو روانہ ہونے والے افراد کیلئے دونوں شہروں سے جملہ 3262 خصوصی زائد بسیں چلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ زائد اسپیشل بسیں آندھرا پردیش کے تمام تر اضلاع کے علاوہ تلنگانہ کے مقامات کیلئے چلائی جائیں گی۔ طویل مسافت چلائی جانے والی بسوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ 11اور 12جنوری دو یوم کی ریگولر سرویسیس کیلئے نشستوں کا ریزرویشن مکمل ہوچکا ہے۔ لیکن اسپیشل بسوں کیلئے آن لائین ریزرویشن کا آغازکیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پائے جانے والے ٹریفک مسائل کے باعث اسپیشل بسوں کو شہر کے مضافاتی علاقوں سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وجئے واڑہ اور کھمم جانے والی بسوں کو ایم جی بی ایس ( املی بن ) بس اسٹیشن سے ہی چلائی جائیں گی۔ مسٹر یادگیری نے کہا کہ سنکرانتی تہوار کے پیش نظر چلائی جانے والی اسپیشل بسوں کیلئے چار دن تک ایم جی بی ایس، جوبلی بس اسٹیشن سکندرآباد، ایل بی نگر اور اوپل بس اسٹاپس پر سینئر عہدیداران آر ٹی سی کو تعینات کیا جارہا ہے تاکہ مسافروں کیلئے سہولت بخش سفر کے انتظامات کو یقینی بناسکیں۔