حیدرآباد 12 جنوری (پی ٹی آئی ) سنکراتی کا تہوار منانے کیلئے لاکھوں افراد ٹرانسپورٹ کے مختلف ذرائع سے اپنے آبائی مقام روانہ ہورہے ہیں جس کے پیش نظر شہر کے تمام بڑے بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کا زبردست ہجوم دیکھا جارہا ہے جہاں مختلف اضلاع بالخصوص ساحلی آندھرا اور رائلسیما کو روانگی کے خواہشمند مسافرین سے بسیں اور ٹرینس کھچا کھچ بھری نظر آرہی ہیں ۔ یہ تمام افراد 14 جنور ی سے شروع ہونے والے فصلوں کی کٹائی کے تین روزہ سنکراتی تہوار اپنے آبائی گاؤں میں منانے کے خواہشمند ہیں۔ ریلوے اور آر ٹی سی نے اپنی روز مرہ کی سرویسز کے علاوہ کئی خصوصی ٹرینس اور بسوں کا انتظام کیا ہے جو مسافرین کے بے پناہ ہجوم کے سبب ناکافی ثابت ہورہے ہیں۔
کئی ریلوے اور بس اسٹیشنوں پر سکیوریٹی عملے کو ہجوم پر کنٹرول کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مداخلت کی جارہی ہے کہ کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے پہلے ہی 110 خصوصی ٹرینس چلانے کا اعلان کیا ہے اور اس تہوار میں مسافرین کے بھاری ہجوم کی سہولت کیلئے 40 ہزار سے زائد اضافی برتھس قائم کئے گئے ہیں ۔ آندھرا روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے مسافرین کے بے پناہ ہجوم کو راحت پہنچانے کیلئے کئی مقامات پر خصوصی بسیس چلارہا ہے ۔ محبوب نگر میں گذشتہ سال اکٹوبر کے دوران والوو لکژری بس میں حادثہ کے سبب 40 مسافرین کے زندہ جھلس کے فوت ہوجانے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے طویل مسافتی خانگی بسوں کی آمد و رفت پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے اور مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے خانگی بسوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔ حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ ہائی وے پر ہزاروں کاروں کے قافلے رواں دیکھے جارہے ہیں
جن کے ذریعہ حیدرآباد میں رہنے والے افراد سیما آندھرا میں واقع اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہورہے ہیں۔ لاکھوں افراد کی روانگی کے بعد شہر کی ہر وقت مصروف رہنے والی سڑکیں عملاً سنسان نظر آرہی ہیں۔ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کو بھی تعطیلات دی گئی ہیں اور کئی ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں تہوار منانے کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ سنکراتی آندھرا پردیش کا ایک بڑا تہوار ہے اور حیدرآباد میں رہنے والے لاکھوں افراد روایات کے مطابق اپنے آبائی مقامات پر تہوار منانے کیلئے یہاں سے روانہ ہوجاتے ہیں۔