آئی آئی ایم احمد آباد کے اشتراک سے تیاری ‘ سی وی سی کے وی چودھری
حیدرآباد 3 نومبر ( پی ٹی آئی ) سنٹرل ویجیلنس کمیشن امکان ہے کہ آئندہ سال جنوری تک پائلٹ بنیادوں پر انٹی گریٹی انڈیکس جاری کریگا ۔ اس پر آئی آئی ایم احمد آباد کے اشتراک سے کام کیا جا رہا ہے ۔ سنٹرل ویجیلنس کمشنر کے وی چودھری نے یہ بات بتائی ۔ مسٹر چودھری نے یہاں محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ویجیلنس ویک تقاریب میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن تحقیقاتی ایجنسیوں کیلئے تجویز کر رہا ہے کہ وہ بینکوں ‘ انکم ٹیکس محکمہ اور دیگر مالیاتی انٹلی جنس یونٹوں سے ڈاٹا حاصل کرنے کیلئے آن لائین نظام استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ انٹی گریٹی انڈیکس در اصل وہ کوشش ہے کہ کس طرح سے ہر ادارہ میں ایک مضبوط طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے اور اس پر کس طرح عمل کیا جاتا ہے ۔ یہ در اصل کام کاج کو موثر بنانے کی کوشش ہے اس کے علاوہ ہر ادارہ کی کارکردگی کو بھی اس سے بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس انڈیکس کو آئی آئی ایم احمد آباد سے مشاورت کے بعد تیار کیا ہے ۔ ان کے خیال میں پانچ شعبہ جات ایسے ہیں جن کی سرگرمیوں کو اس سے بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی کرپشن انڈیکس نہیں ہے ۔ یہ در اصل کسی ادارہ کے تعلق سے عوامی تاثر معلوم کرنے کا انڈیکس ہوگا ۔