سنٹرل لائبریری کا صحن اور فولڈ ینگ کرسیاں ، نوجوانوں کی پہلی پسند

حیدرآباد ۔10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : نوجوانوں کے لیے ان دنوں افضل گنج کی سنٹرل لائبریری پہلی پسند بنی ہوئی ہے کیوں کہ دونوں شہروں کے سینکڑوں نوجوان مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے میں مصروف ہیں اور سنٹرل لائبریری نہ صرف ہزاروں کتابوں کا ایک بڑا ذخیرہ ہے بلکہ یہاں امتحانات کے تیاری کے لیے سینکڑوں رسائل اور اخبارات کے ساتھ تیاری کے لیے پر سکون ماحول بھی دستیاب ہے ۔ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مصروف سینکڑوں طلبہ ان دنوں سنٹرل لائبریری سے بھر پور استفادہ کررہے ہیں اور ان کے لیے فولڈنگ کرسیاں مزید سہولت فراہم کررہی ہیں ۔ شام کے اوقات بھی کتب خانے اور خاص کر صحن میں کرسیوں پر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں مطالعے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں ۔ ایم ٹیک کی تیاری میں مصروف پرانے شہر کے نوجوان سید سراج الحسن نے کہا کہ وہ کھلی ہوا میں مطالعے کو کافی پسند کرتے ہیں اور افضل گنج کی سنٹرل لائبریری کے صحن میں یہ سہولت دستیاب ہورہی ہے اور فولڈینگ کرسیوں نے سونے پر سہاگہ کردیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبح کے اوقات میں لائبریری کو آنے والوں کی تعداد زیادہ رہتی ہے جب کہ شام کے اوقات میں ہجوم کسی قدر کم رہتا ہے ۔ سنٹرل لائبریری کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں کے کتب سے استفادہ کے لیے اب لوگ اپنے گھروں سے اپنی کرسیاں بھی لارہے ہیں اور ان کرسیوں کو درختوں ، کھڑکیوں کی جالی اور دیواروں کے ہک سے باندھ کر رکھ رہے ہیں ۔ چارمینار کے قریب سے لائبریری کو آنے والے سنتوش کمار نے کہا کہ وہ گرام پنچایت امتحان کی تیاری کے لیے لائبریری آرہے ہیں اور روزانہ صبح 9 بجے وہ لائبریری پہنچ جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کا یہ پر سکون ماحول مطالعہ کے لیے کافی بہتر ہے ۔ اور گھر کی بہ نسبت میں یہاں مکمل توجہ کے ساتھ تیاری کرپا رہا ہوں ۔ کشور جو کہ پی جی کی تکمیل کے بعد اب گروپ 4کی تیاری کررہے ہیں وہ حیدرگوڑہ سے یہاں پہنچ رہے ہیں ۔ یہ دیکھ کر بھی حیرت ہورہی ہے کہ چند نوجوان تو یہاں سنگاریڈی ، میڑچل اور دیگر دور دراز علاقوں سے یہاں روزانہ پہنچ رہے ہیں ۔۔