حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( راست ) : مسٹر سریپد یسونائک مرکزی اسٹیٹ منسٹر آزادانہ چارج منسٹری آف آیوش حکومت ہند کل 10 بجے دن سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن حیدرآباد میں انسٹی ٹیوٹ کے ’ نیو ہاسپٹل بلاک کے سنگ بنیاد کے علاوہ عصری نائیو میڈیکل لیبارٹری اور گیٹ ہاوز کا افتتاح کریں گے ۔ جب کہ ڈاکٹر سی لکشما ریڈی ریاستی وزیر صحت ، مسٹر یم گوپی ناتھ رکن اسمبلی جوبلی ہلز ، مسٹر اجیت یم شرن سکریٹری منسٹری آف آیوش حکومت ہند مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔ پروفیسر رئیس الرحمان ڈائرکٹر جنرل سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن دہلی نے بتایا کہ اس موقع پر مجاہد طب ، طب یونانی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ طبیب حکیم یم اے رزاق مرحوم سابق بانی ڈائرکٹر سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن دہلی کے طب یونانی کی نمایاں خدمات پر ان کے نام سے ’ حکیم محمد عبدالرزاق لائف اچیومنٹ ایوارڈ مسٹر سریپد یسونائک مہمان خصوصی کے ہاتھوں ڈاکٹر ام افضل موظف ڈائرکٹر سی سی آر یو یم دہلی کو دیاجائے گا ۔ ڈاکٹر منور حسین کاظمی ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ نے تمام یونانی اطباء ، ڈاکٹرز ریسرچ اسکالرس سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔