حج کمیٹیوں کے ارکان کے انتخاب پر رہنمایانہ خطوط کی اجرائی متوقع ، حج درخواست توسیع بھی زیر غور
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کو نئی دہلی میں منعقد ہوگا جس میں حج 2016 ء انتظامات اور سنٹرل حج کمیٹی کے انتخابات کے سلسلہ میں شیڈول کو قطعیت دی جائے گی۔ وزارت خارجہ اور سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیدار اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اس اجلاس میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کی نمائندگی کریں گے۔ دیگر ریاستوں کی حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسرس اور اگزیکیٹیو آفیسرس کو شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سنٹرل حج کمیٹی کی میعاد مئی میں ختم ہورہی ہے، لہذا ارکان کے انتخاب کے شیڈول کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کیلئے ریاستوںکو 6 زون میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر ایک زون سے ایک رکن کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش تیسرے زون میں شامل ہے۔ ارکان کے انتخاب کیلئے ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے اور ووٹرس کے بارے میں وضاحت کی جائے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی کے رکن کے عہدہ کیلئے صرف وہی افراد مقابلہ کرسکتے ہیں جو ریاستی کمیٹی کے رکن ہوں ۔ جن ریاستوں میں کمیٹی نہیں ہے، وہاں کس طرح رائے دہی ہوگی، اس کا تعین اجلاس میں کیا جائے گا ۔ اجلاس میں سنٹرل حج کمیٹی کے انتخابی عمل کے آغاز کے شیڈول کو قطعیت دیتے ہوئے تمام تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ کمیٹی میں حکومت کے 4 نامزد ارکان کے علاوہ مختلف وزارتوں سے تعلق رکھنے والے چار سینئر عہدیداروں کو شامل کیا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ اجلاس میں حج 2016 ء میں شیڈول پر بھی غور کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور اجلاس میں بہتر انتظامات کیلئے تجاویز پیش کریں گے۔ ملک بھر کیلئے اگرچہ شیڈول جاری کردیا گیا، تاہم اس میں بعض تبدیلیوں کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ حج درخواست فارم کے ادخال کیلئے تاریخ میں توسیع کا مسئلہ بھی زیر بحث آئے گا۔