حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی کے زیر اہتمام مسلم گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کیلئے یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقد ہونے والے آئی اے ایس اور دیگر متعلقہ سرویسیس کے امتحانات کی مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ ہر سال کوچنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ممبئی میں فری کوچنگ اینڈ گائیڈنگ سیل قائم کیا گیا۔ سال 2018-19 کیلئے سیول سرویسیس کی مفت کوچنگ بہت جلد ممبئی میں شروع ہوگی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں اور ایکزیکیٹو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق کوچنگ کے سلسلہ میں ملک بھر سے 50 امیدواروں کا انتخاب تحریری ٹسٹ اور زبانی انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائیگا۔ آن لائن درخواستیں سنٹرل حج کمیٹی ویب سائیٹ پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ ویب سائیٹ سے تفصیلی معلومات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔ آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی ہے۔ انٹرنس ٹسٹ حیدرآباد کے بشمول ملک کے 7 مراکز پر منعقد ہوگا جس کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائیگا۔ امیدواروں کیلئے کوچنگ، گائیڈنس، لکچرس، اسٹڈی میٹریل، کمپیوٹر ، انٹرنیٹ اور ہاسٹل کی سہولتیں مفت حاصل ہوں گی۔ طعام کیلئے فی کس 5000 روپئے چارج کئے جائیں گے۔مسلم گریجویٹس سے اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی گئی ہے۔