نئی دہلی، 23 فروری(سیاست ڈاٹ کام) انسانی وسائل کے فروغ کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا کہ سنٹرل اسکولوں میں ٹیچروں کی کمی کو دور کرنے کے لئے خالی عہدوں کو پرکرنے کا کام شروع شروع کردیا گیا ہے اور نئے سنٹرل اسکول کھولنے کے لئے زمین کے ضابطوں میں نرمی کی گئی ہے ۔ جاوڈیکر نے یہاں شاہدرہ میں سنٹرل اسکول کی عمارت کاسنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ سنٹرل اسکولوں میں ٹیچروں کے چھ ہزار عہدے خالی ہیں اور حکومت نے ان کو پر کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے نئے سنٹرل اسکول کھولنے کے لئے زمین کے ضابطوں میں نرمی کردی ہے اور اب چھ میٹروں شہروں میں چار ایکٹر کی جگہ صرف ڈھائی ایکڑ اور دیگر شہروں میں آٹھ کی جگہ پانچ ایکڑمیں سنٹرل اسکول بن سکیں گے ۔انہوں نے تعلیم کے تئیں سرکار کی عہد بندی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہدف سب کو تعلیم اچھی تعلیم مہیا کرانا ہے ۔ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کے لئے تعلیم سب سے ضروری ہے ۔ تعلیم شخصیت کی تعمیر میں مددگار ہوتی ہے اور اسی سے ایک شخص ذمہ دار شہری بنتا ہے۔