چہرے اور ہاتھ پر زخموں کے نشان، بیوی کی موت پر ششی تھرور کے سینے میں تکلیف
نئی دہلی ۔ /18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندہ پشکر کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے والے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) کے ڈاکٹروں نے آج کہا کہ یہ ’’ اچانک غیر طبعی موت‘‘ کا واقعہ ہے لیکن زہر کے استعمال کے شبہات کو مسترد کردیا ۔ جس کے ساتھ ہی پولیس نے سنندہ پشکر کی موت کی مختلف زایوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ 52 سالہ سنندہ پشکر کی نعش پر چند زخموں کے نشانات بھی پائے گئے جو کل رات جنوبی دہلی کی لیلا پیلس ہوٹل کے اپنے کمرہ میں پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی تھیں ۔
پشکر کی نعش کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں کی تین رکنی ٹیم کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے پوسٹ مارٹم معائنہ کیا ہے ۔ یہ ایک اچانک اور غیر طبعی موت کا واقعہ ہے ‘‘ ۔ لیکن انہوں نے زہر کے استعمال کے شبہات کو مسترد کردیا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ٹیم نے وسکوپیتھالوجی معائینوں کے علاوہ زہریلے مادہ کے تجزیہ کیلئے نعش سے چند حیاتیاتی نمونے حاصل کرلئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورا ضابطہ مکمل کرلیا ہے ۔ زہریلے مواد کے نمونوں کے تجزیہ سے پتہ چلا ہے کہ زہر کا استعمال نہیں ہوا ہے ۔
قلب کی حرکت کے تجزیات سے متعلق چند نمونے بھی محفوظ کرلئے گئے ہیں ۔ پشکر ایک لکژری ہوٹل کے کمرہ میں کل رات مردہ پائی گئی تھیں اور رات کے پچھلے 3.30 بجے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم ایمس منتقل کیا گیا تھا ۔ سنندہ پشکر کی آج شام یہاں آخری رسومات ادا کردی گئیں جو کل شب ایک لکژری ہوٹل کے کمرہ میں پراسرار حالات میں مردہ پائی گئی تھیں ۔ سنندہ کے 21 سالہ بیٹے شیومینن نے چتا کو آگ دکھائی۔ اس وقت ششی تھرور ‘ سنندہ کے والد بھائی اور دیگر ارکان خاندان بھی لودھی روڈ شمشان گھاٹ پر موجود تھے ۔
باور کیا جاتا ہے کہ پولیس اب ششی تھرور کا بیان قلمبند کرے گی جنہیں سینہ میں تکلیف کی شکایت پر ایمس میں شریک کیا گیا تھا ۔ اور کئی طبی معائنے کئے گئے ۔ تمام رپورٹس نارمل بتائے گئے ہیں ۔ بعد ازاں انہیں ڈسچارج کردیا گیا ۔ ششی تھرور اور سنندہ پشکر دو دن قبل تنازعہ کا محور بن گئے تھے جب ان کے شوہر تھرور اور ایک پاکستانی خاتون صحیفہ نگار مہر تارڑ کے درمیان ٹوئٹس اور دیگر پیغامات کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں جس پر سنندہ کافی مایوس و برہم ہوگئی تھیں ۔ سنندہ نے اگرچہ اپنے شوہر کے زائد ازدواجی تعلقات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے طلاق لینے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا ۔ تاہم بعد میں دونوں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خوشحال شادی شدہ زندگی گزاررہے ہیں۔