نئی دہلی ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) خواب آور ادویات کی حد سے زائد خوراک بظاہر مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندہ پشکر کی گزشتہ جمعہ کو پراسرار موت کا سبب معلوم ہوتی ہے ، ایمس کے ڈاکٹروں کی رپورٹ سے یہ بات معلوم ہوئی ، جنھوں نے اُن کا پوسٹ مارٹم کیا ہے۔ ایمس کے ذرائع نے بتایا کہ ’’ ڈرگ اوور ڈوز ‘‘ جو باالفاظ دیگر ادویات کے زہریلے حد تک زائد استعمال کو کہا جاسکتا ہے ، ڈاکٹروں کی جانب سے اخذ کردہ نتیجہ میں سنندہ کی موت کا سبب بتایا گیا ہے ۔
پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آج شام آلوک شرما سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کو پیش کردی گئی جو ضابطۂ فوجداری کی دفعات کے تحت تحقیقات منعقد کررہے ہیں ۔ انھوں نے رپورٹ کی تفصیلات کے انکشاف سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اس رپورٹس کے ساتھ مختلف لوگوں بشمول تھرور اور سنندہ کے بھائی اور دیگر گواہوں کے بیانات کا جائزہ لیں گے اور اُس کے بعد ہی میڈیا کیلئے بیان دیں گے ۔