سنندہ پشکر کی موت کا مقدمہ کرائم برانچ کو منتقل

نئی دہلی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندہ پشکر کی پر اسرار موت کے مقدمہ کو آج دہلی پولیس کی کرائم برانچ کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ سنندہ پشکر گذشتہ جمعہ کو دہلی کی ایک ہوٹل میں پر اسرار حالت میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ذرائع نے کہا کہ یہ مقدمہ کرائم برانچ کو منتقل کردیا گیا ہے کیونکہ اس میں کئی پہلو شامل ہیں۔ منگل کو سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے ‘ پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ سنندہ کی موت میں قتل یا خود کشی کے پہلووں سے بھی جائزہ لیں کیونکہ

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ انشکاف ہوا تھا کہ موت کی وجہ زہر بھی ہوسکتا ہے ۔ 52 سالہ سنندہ کی موت کی تحقیقات سب ڈویژنل مجسٹریٹ کر رہے ہیں۔ ایس ڈی ایم نے سنندہ کے بھائی ‘ فرزند ‘ ششی تھرور اور ان کے اسٹاف سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی اور کہا تھا کہ سنندہ کے کسی بھی فرد خاندان کو ان کی موت میں کسی پر شک و شبہ نہیں ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنندہ کی بائیں ہتھیلی پر دانت کے گہرے نشان ہیں اس کے علاوہ ان کے جسم پر تقریبا 12 زخموں کے نشان پائے گئے ہیں۔ ذرائع کے بموجب رپورٹ کے بموجب دو ادویات کے امتزاج کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔

برقی شرحوں میں کمی سے ممبئی محروم
سنجے نروپم کا احتجاج
ممبئی۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اے آئی سی سی سکریٹری سنجے نروپم نے آج ممبئی میں برقی شرحوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے کاندیولی میں ریلائنس انرجی ڈیویژنل آفس کے باہر احتجاج شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین، صنعتوں اورپاور لومس کیلئے سرکاری مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی نے 20فیصد کٹوتی کی ہے لیکن ممبئی کو اس سے محروم رکھا گیا ہے۔ شمالی ممبئی کے لوک سبھا رکن سنجے نروپم نے کہاکہ مطالبہ کی تکمیل تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ کابینہ نے گذشتہ ہفتہ فیصلہ کیا کہ جو صارفین 300یونٹس سے کم بجلی خرچ کرتے ہیں، انہیں برقی نرخ کی شرح میں 20فیصد کٹوتی دی جائے گی۔