سنندا کیس : تھرور کی پیشگی ضمانت عرضی پر فیصلہ محفوظ

نئی دہلی ۔4 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر ششی تھرور کی پیشگی ضمانت عرضی پر آج یہاں ایک عدالت نے اپنا فیصلہ کل تک کیلئے محفوظ کردیا ہے ۔ یہ اُن کی شریک حیات سنندا پشکر کی موت سے متعلق کیس ہے ۔ تھرواننتا پورم کے نمائندہ ایم پی کو اس کیس میں پہلے ہی ملزم کی حیثیت سے سمن جاری کیا جاچکا ہے ۔ خصوصی جج اروند کمار نے دہلی پولیس کی جانب سے تھرور کی پیشگی ضمانت عرضی کی مخالفت کے بعد فیصلے کو محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہوسکتا ہے ملک چھوڑکر چلے جائیں ۔ کانگریس لیڈر نے گزشتہ روز عدالت سے رجوع ہوکر پیشگی ضمانت کے لئے استدعا کی تھی ۔ اپنی عرضی میں تھرور نے بیان کیاہے کہ اس کیس میں چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے صاف طورپر کہا تھا کہ تحقیقات مکمل کی جاچکی اور یہ کہ اُنھیں تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔