سنندا پشکر کی موت کی دوبارہ تحقیقات کی حمایت : وینکیا نائیڈو

نئی دہلی ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے آج سنندا پشکر کی موت کی تازہ تحقیقات کروائے جانے کی تائید کی۔ یاد رہے کہ ایمس کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے سننداپشکر کی پراسرار موت پر ایک تازہ ترین رپورٹ کا ادخال کیا ہے جہاں یہ کہا گیا ہیکہ سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سننداپشکر کی موت زہرخورانی سے ہوئی۔ وزیر برائے پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو کا کہنا ہیکہ اگر ڈاکٹرس کے پینل نے نئی رپورٹ کا ادخال کیا ہے تو پھر تحقیقات بھی نئے سرے سے ہونی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے اس وقت کہی جب ان سے استفسار کیا گیا تھا کہ ڈاکٹروں کی نئی رپورٹ سے ظاہر ہیکہ سنندا کو زہر دیا گیا تھا۔ تین ڈاکٹرس جنہوں نے سننداپشکر کا پوسٹ مارٹم کیا تھا اور اپنی رپورٹ میں جو انکشاف کیا تھا وہی انکشاف تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے جس میں سنندا کے گردوں، جگر اور قلب کو حسب معمول کارکردگی انجام دیتے ہوئے پایا گیا تھا جس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہیکہ اس کی موت زہرخورانی سے ہوئی۔