سنندا پشکر کی زہر کے سبب موت ڈاکٹرس کی رپورٹ

نئی دہلی ۔ /9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی پراسرار موت کے سلسلہ میں ایمس ڈاکٹرس کی ٹیم نے پولیس کو تازہ رپورٹ پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زہر کے سبب ان کی موت واقع ہوئی۔ ڈاکٹرس کے سہ رکنی پیانل نے یہ تازہ رپورٹ پیش کی ہے ۔ انہوں نے سنندا پشکر کی آٹوپسی کی تھی ۔ یہ رپورٹ سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری کے تجزیہ کی بنیاد پر تیار کی گئی جس نے سنندا کے ملبوسات اور دیگر استعمال کی اشیاء کا سائنٹفک معائنہ کیا تھا ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیم دوبارہ اس نتیجہ پر پہونچی ہے کہ سنندا پشکر کے گردے ، جگر اور قلب معمول کے مطابق کام کررہے تھے اور زہر کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ۔ یہ نئی رپورٹ پولیس کو 9 دن قبل پیش کی گئی ہے ۔