نئی دہلی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مملکتی وزیر خارجہ ششی تھرور نے آج اپنی بیوی سنندا پشکر کی موت کیس میں پیشگی ضمانت کی غرض سے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے۔ تھرور اس کیس میں ملزم کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی درخواست اسپیشل جج اروند کمار کو پیش کی جبکہ عدالت نے پولیس کی رائے طلب کرتے ہوئے کل تک سماعت کو ملتوی کردیا۔ عدالت نے اس سے قبل کانگریس لیڈر کو اپنی ہی بیوی کو خودکشی پر مجبور کرن اور ان کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کرنے کے الزام میں عدالت میں طلب کیا تھا۔ یاد رہے کہ ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی موت 17 جنوری 2014ء کو دہلی کی ایک پاش ہوٹل میں پراسرار طور پر ہوئی تھی جس کے بعد سابق مملکتی وزیر خارجہ کو تعزیراتِ ہند کی دفعات 498A (شوہر یا اس کے رشتہ دار کی جانب سے عورت پر ظلم) اور دفعہ 306 (خودکشی پر اُکسانا) کے تحت ’’ملزم‘‘ ٹھہرایا گیا ہے۔